نئی دہلی 5 جون (ایس او نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گستاخ رسول ﷺ نوپور شرما کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے اور ان کے پیغمبر اسلام کے بارے میں ٹی وی مباحثے کے دوران دئے گئے متنازعہ بیان پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ متنازعہ ٹوئٹ کرنے والے دہلی بی جے پی کے میڈیا انچارج نوین کمار جندل کو بھی پارٹی نے باہر کا راستہ دکھادیا ہے۔
بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی معطلی کے حوالہ سے بی جے پی کی مرکزی تادیبی کمیٹی نے ایک خط جاری کیا ہے۔ جس میں پارٹی کی مرکزی تادیبی کمیٹی کے رکن سکریٹری اوم پاٹھک کے دستخط ہیں، خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’آپ نے مختلف موضوعات پر پارٹی کے نظریات کے برعکس خیالات کا اظہار کیا جو کہ پارٹی کے اصول نمبر دس (شق اے) کی صریح خلاف ورزی ہے۔ آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آپ کے خلاف تحقیقات کئے جانے تک آپ کو فوری طور پر پارٹی سے معطل کیا جاتا ہے اور ذمہ داری سے سبکدوش کیا جاتا ہے۔‘
اسی طرح کا ایک خط دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے نوین کمار جندل کو جاری کیا ہے اور انہیں پارٹی سے برطرف کرنے کے حوالہ سے لکھا ہے کہ ’’آپ نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے والے خیالات ظاہر کئے ہیں۔ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے بنیادی نظریہ کے خلاف ہیں۔ آپ نے پارٹی کی پالیسی کے خلاف کام کیا ہے۔ لہذا آپ کی بی جے پی کی بنیادی رکینت فوری طور پر منسوخ کی جاتی ہے اور آپ کو پارٹی سے برطرف کیا جاتا ہے۔‘‘
![]() |
![]() |
واضح رہے کہ چند روز قبل نوپور شرما نے حضور اکرم ﷺ اور امی عائشہؓ کی ایک چینل پر گستاخی کی تھی جس کے بعد سے مسلمانانِ ہند میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ اور اسی روز سے ٹویٹر ٹرینڈ پر اس طرح کے گستاخی پر سخت ردعمل ظاہر کیا گیا جبکہ زمینی سطح پر کئی جگہ احتجاج ہوئے ، مہاراشٹرا میں نوپور شرماکے خلاف معاملہ بھی درج ہوا لیکن بی جے پی پھر بھی خاموشی تماشائی بنی رہی لیکن جب اہل عرب نے ٹوئٹر پر اس معاملے کو لے کر زبردست احتجاج کیا اور ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تو مودی حکومت حرکت میں آگئی اور نوپور شرما سمیت نوین کمار کی رکنیت معطل کرنے کا لیٹرجاری کیا. پتہ چلا ہے کہ قطر میں حکومت ہند کے سفیر کو قطری وزارت خارجہ کی طرف سے سخت وارننگ والا خط بھی جاری کیا گیا اور رسول اللہ ﷺ کے خلاف ریمارکس پر سخت ناراضگی ظاہر کی گئی تھی ۔

